لاہور(نیو ز ڈیسک)قومی ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیٹی نے شکست کی وجوہات جاننے کے لیے شاہد آفریدی کو طلب کیا تھا تاہم آل راونڈ ر بیٹی کی طبیعت خراب ہونے کے باعث پیش نہ ہوسکے ، آفرید ی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سامنے پیشی کے لیے گزشتہ روز ہی دبئی سے کراچی پہنچے ہیں۔آفریدی کے انکار پر نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر پی سی بی مجھ سے کچھ بھی پوچھنا چاہتی ہے تو مجھے فون کر کے پوچھ سکتی ہے۔ میں فی الوقت اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا کہ کب تک پی سی بی میں پیش ہو کر اپنا موقف پیش کروں ، فی الحال اپنی بچی کی بیماری کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتا ۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق خراب کار کردگی پر موقف پیش کرنے کے لیے آفریدی کو اجلاس میں طلب کیا تھا تاہم کپتان کا کہنا ہے کہ بیٹی کی طبعیت ٹھیک نہیں اس لیے وہ پیش نہیں ہو سکتے۔ اعلامیے کے مطابق شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ان سے جو پوچھنا ہے ٹیلی فون پر پوچھ لیں ، بیٹی کی طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتا۔