لاہور (نیوز ڈیسک)وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے کہا ہے کہ انکوائری کمیٹی ایشیا کپ اورورلڈ ٹی 20میں قومی ٹیم کی ناکامی کی تحقیقات کے ساتھ بورڈ کی کارکردگی کا جائزہ بھی لے،سفارشی کھیلتے رہے تو ٹیم نہیں بن سکے گی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ انکوائری کمیٹی کرکٹ بورڈ کی اڑھائی سالہ کارکردگی کا جائزہ لے تب ہی بہتری کا کوئی راستہ نکلے گا۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے انعقاد سے صرف دو روز قبل ٹیم کا اعلان کرنا مناسب نہیں تھا، ایک مضبوط کرکٹ ٹیم بنانے کیلئے ضروری ہے کہ مزید تجربات نہ کئے جائیں۔کامران اکمل کا کہنا تھا کہ عمر اکمل نے اپنا بیٹنگ آرڈر تبدیل کرانے کیلئے سابق کپتان عمران خان سے کوئی سفارش نہیں کرائی،جو کھلاڑی سفارش پر قومی ٹیم میں کھیل رہے ہیں، انہیں سب جانتے ہیں۔قومی ٹیم میں دوبارہ شمولیت سے متعلق سوال پر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ وہ بھرپور فارم میں ہیں، بورڈ نے بلایا تو دوبارہ اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے تیار ہیں