لاہور( نیوزڈیسک)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لینے کےلئے پی سی بی کی سپیشل کمیٹی کا اجلاس کل ( منگل ) کو کراچی میںطلب کر لیا گیا جس میں سابق کرکٹرز کو بھی بلایا جائے گا ،ٹیم کی ناکامی کی وجوہات جاننے کے لئے مینیجر اور کوچ سے بھی رپورٹ طلب کر لی گئی ۔بتایا گیا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کاجائزہ لینے کے لئے اجلاس منگل کو کراچی میں طلب کیا گیا ہے ۔کمیٹی میں سابق کرکٹرز مصباح الحق اور یونس خان بھی شامل ہیں۔ ٹی ٹونٹی کپتان شاہد خان آفریدی کی کراچی میں موجودگی کی صورت میں انہیں بھی اجلاس میں بلایا جائے گا ۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سابق کرکٹرز جاوید میانداد، جلال الدین ، محسن خان ،شعیب محمد کو بھی بلایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جاوید میانداد نے اس اجلاس میں آنے سے معذرت کر لی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ بدھ کو کمیٹی کا اجلاس لاہور میں ہوگا جس میں ٹیم مینجمنٹ کوبلایا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی بدترین شکست کی وجوہات جاننے کیلئے مینیجر اور کوچ سے رپورٹ طلب کر لی گئی۔ذرائع کے مطابق بورڈ حکام نے بھارت میں کھلاڑیوں کے رویے اور کارکردگی کی تفصیلات طلب کی ہیں۔مینیجر اور کوچ کی رپورٹ سپیشل کمیٹی کو بھیجی جائے گی جو قصور واروں کا تعین کرکے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔حقائق جاننے کیلئے شاہد آفریدی کا تفصیلی انٹرویو بھی کیا جائے گا