موہالی (نیو ز ڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ۔گرانٹ فلاور نے ایک انٹرویو میں خاص طور پر عمراکمل کی بیٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس بات سے انھیں مایوسی ہوئی وہ ان کا باؤنڈری نہ لگانا تھا اور وہ اس کی کوشش کرتے ہوئے بھی نظر نہیں آئے۔واضح رہے کہ عمراکمل نے نیوزی لینڈ کے خلاف 24 رنز بنانے کے لیے 26 گیندیں کھیلیں جن میں ایک بھی چوکا شامل نہ تھا۔گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ عمراکمل کیلئے پاکستان سپر لیگ بہت زبردست رہی تھی اور وہ ورلڈ ٹی 20 سے قبل زبردست فارم میں تھے لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف انھوں نے جیسے چوکا نہ لگانے کا ریکارڈ قائم کردیا۔گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ اگر آپ نہ سنگل رن لیں اور نہ ہی چوکے لگانے میں کامیاب ہوں جب اس کی ضرورت ہو تو پھر آپ میچ نہیں جیت سکتے۔گرانٹ فلاور نے کہا کہ انھیں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ ہے اور اس میں غیرمعیاری گیندوں سے کرکٹ کھیلی جاتی ہے اور وکٹیں بھی اچھی نہیں ہوتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے اہم چیز دباؤ ہے اگر آپ اسے برداشت نہیں کرسکتے آپ نہیں رہ سکتے۔گرانٹ فلاور نے ویراٹ کوہلی اور اے بی ڈی ویلیئرز کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں بیٹسمین اپنی سو فیصد تیاری سے پریشر سے نمٹنا جانتے ہیں اسی لیے ان کی بیٹنگ بڑی منظم ہے۔ ان کی فٹنس سو فیصد ہے۔ ہمارے بیٹسمینوں کو ان تک پہنچنے کے لیے بہت وقت لگے گا۔