اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے آج شام چار بجے ملاقات کریں گے جبکہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے سعودی عرب میں موجود وزیراعظم نواز شریف سے بھی رابطہ کرکے مشاورت کی ہے اور اب تک ہونیوالی پیش رفت سے آگاہ کیا، ٹیم بھیجنے یا نہ بھیجنے کا حتمی اعلان شام چار بجے کے بعد کیاجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ آج شام چار بجے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کیلئے جا رہے ہیں جس میں پاکستانی ٹیم کو بھارت بھیجنے یا نا بھیجنے سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ بھارت کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے تاہم ٹیم کو بھارت بھیجنے کا حتمی فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ہی کریں گے۔دوسری طرف وزارت داخلہ نے اس ضمن میں پاکستانی ہائی کمشنر سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے وزیرداخلہ کے وزیراعظم سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ ٹیم بھیجنے یانہ بھیجنے کا حتمی فیصلہ چار بجے تک کیاجائے گا، اس ضمن میں مشاورت جاری ہے ۔