لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اور کرکٹ بورڈ نے فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرا دی ہے تاہم ٹیم بھیجنے کافیصلہ اب وزارت داخلہ کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اور کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی سے متعلق تحفظات دور کر دیئے ہیں اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی دینے کا یقین دلایا ہے تاہم اب پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت جانے یا نہ جانے کا فیصلہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ہی کریں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ویسٹ بنگال حکام نے بھی بی سی سی آئی اور پی سی بی کو خط لکھ دیا ہے جس میں سیکیورٹی پلانز سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے جس کے بعد آج وزارت داخلہ کی جانب سے پاکستان کو بھارت بھیجنے سے متعلق مثبت فیصلہ سامنے آنے کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے۔