ممبئی (نیوز ڈیسک) ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم کے بھارت جانے کا معاملہ حل ہوتا دکھائی دے رہا ہے کیونکہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین راجیو شکلا نے ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کا بیڑا اٹھا لیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین آئی پی ایل راجیو شکلا نے کہا ہے کہ پی سی بی کو کیا تحفظات ہیں؟ پاکستان کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی کی ضمانت دیتا ہوں کیونکہ سیکیورٹی دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ واضح رہے کہ بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سارو گنگولی بھی معاملہ حل کرانے کیلئے میدان میں آ چکے ہیں اور انہوں نے بنگال حکومت سے کوششیں تیز کرنے کی درخواست بھی ہے کہ جبکہ کرکٹ ایسوسی ایشن پی سی بی کو سیکیورٹی پلانز پر آگاہی بھی دے رہی ہے۔ پاک، بھارت میچ دھرم شالہ سے منتقل کئے جانے کا پاکستانی مطالبہ پہلے ہی پورا کیا جا چکا ہے اور اب سیکیورٹی کی ضمانت بھی آ گئی ہے اور ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ راجیو شکلا کے بیان اور بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سارو گنگولی کی کوششوں کے بعد یہ معاملہ حل ہوتا نظر آ رہا ہے اور امکان ہے کہ آج ہی پاکستانی حکومت کی جانب سے ٹیم بھارت بھیجنے سے متعلق مثبت فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔