نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی حکومت نے ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی شائقین کو اپنے ملک کی ٹیم کے ہر میچ کیلئے 250 ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے وزارت داخلہ کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ دیکھنے کے خواہشمند پاکستانی شائقین کو پاکستان کے ہر میچ کیلئے 250 ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ویزوں کے حصول کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کو میچ کے ٹکٹ کے علاوہ ریل بس یا جہاز کا ریٹرن ٹکٹ اور بھارتی ہوٹل میں بکنگ کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔ جس کے بعد انہیں ویزا جاری کیا جائیگا جو کہ پانچ روز کیلئے ہوگا۔ تاہم پاکستان کے ہر میچ کیلئے ویزوں کی تعداد 250 تک محدود رکھی گئی ہے ۔ بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق پاکستان کے سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ویزوں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے ۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ دیکھنے کیلئے بھارت آنیوالے پاکستانی شائقین پر سیکیورٹی ایجنسیاں اور خفیہ ادارے کڑی نظر رکھیں گی، کیونکہ ماضی میں بعض پاکستانی تماشائی میچ دیکھنے کے ویزے پر آنے کے بعد بھارت میں غائب ہوتے رہے ہیں۔