کراچی(نیوزڈ یسک) سابق ٹیسٹ اسٹار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پورے کرکٹ بورڈ میںآپریشن کلین اپ کر کے نئے لوگوں کو سامنے لانا چاہیے۔ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ طویل عرصے سے کرسی پر چمٹے لوگ اگر ایسے نہیں جانا چاہتے تو انھیں گولڈن ہینڈ شیک اسکیم دیں، ان سے کہا جائے کہ کتنے پیسے چاہئیں وہ لے لو مگر بورڈ سے چلے جاؤ، یوسف نے کہا کہ پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم نواز شریف کو کرکٹ کی باگ ڈور جاوید میانداد، انضمام الحق اور راشد لطیف جیسے لوگوں کو سونپنی چاہیے، وہی معاملات کو بہتر انداز میں چلا سکتے ہیں۔سابق اسٹار بیٹسمین نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کی بولنگ ٹھیک مگر بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے، ہمیں اسپنر بھی صرف ایک شاہد آفریدی ہی میسر ہے اس حوالے سے بھی اقدامات کرنا ہوں گے، ایک سوال پر یوسف نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ سلمان بٹ اور محمد آصف کو بھی ٹیم میں دوبارہ شامل کرنا چاہیے، خصوصاً ٹیم کو اس وقت اوپنر کی سخت ضرورت ہے۔