نئی دہلی (نیوز ڈیسک)بھارت کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے، ایشیاء کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھیں گے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ انکی ٹیم باصلاحیت ہے اور فارم میں ہے، بنگلہ دیش کے خلاف ایشیاء کپ کا فائنل کھیلنے کیلئے بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔ کوہلی نے کہا کہ وہ ایشیاء کپ جیت کر اپنے ملک و قوم کو 2016ء کا پہلا تحفہ فراہم کرینگے۔بھارت کی ٹیم نے ایشیاء کپ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کو 45 رنز سے شکست دی تھی۔ ویرات کوہلی نے کہاکہ فائنل میں کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم ان دنوں اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، وہ بھرپور فارم میں ہے اسلئے کھلاڑیوں کو ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے پر بہت خوش ہیں۔