لاہور(نیوز ڈیسک)ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد سلیکشن کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں سابق کپتان سلمان بٹ کو ایک مرتبہ پھر ٹیم میں واپس لئے جانے کی تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے۔ ایشیا کپ میں بھارت اور سری لنکا سے عبرتناک شکست اور متحدہ عرب امارات جیسی کمزور ترین ٹیم کے خلاف ناقص کارکردگی کے بعد آج سلیکشن کمیٹی سر جوڑ کر بیٹھے گی۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کو اوپننگ بلے بازوں کی ناقص کارکردگی پر شدید تحفظات ہیں اس لئے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ سابق کپتان سلمان بٹ کو ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل کئے جانے کی تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے۔ ایشیا کپ کے لئے کھلاڑیوں کی سلیکشن نے سلیکشن کمیٹی پر ہی کئی سوالات اٹھادیئے ہیں اور غیرمنطقی طور پر خرم منظور کی ٹیم میں شمولیت اور شرجیل خان کو پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں محض سنچری بنانے کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کئے جانے پر شائقین کرکٹ کی جانب سے بھی سلیکشن کمیٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور حیرانی کا اظہار بھی کیا تاہم اب ایک مرتبہ پھر سلیکشن کمیٹی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل کچھ تبدیلیوں کے ساتھ ایک نئی ٹیم بنانے پرغورکرے گی۔ دوسری جانب ایشیا کپ اور ورلڈٹی ٹوئنٹی کے لئے سلیکٹرز نے اوپنر خرم منظور کو اسکواڈ میں شامل کیا، اس وقت ہی چیئرمین بورڈ شہریارخان نے فیصلے کی مخالفت کردی تھی، ان کا کہنا تھا کہ خرم کبھی مختصر طرز کا کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلے اور پی ایس ایل میں بھی انہوں نے حصہ نہیں لیا، ایسے میں انھیں موقع دینا دانشمندی نہیں ہوگی۔ مگر چیف سلیکٹر ہارون رشید کا اصرار برقرار رہا جس پر چیئرمین نے خاموشی اختیار کرلی، ایشیا کپ میں اوپنر کی غیرمعیاری کارکردگی نے اب ان کا موقف درست ثابت کر دیا ہے، ذرائع کے مطابق شہریارخان نے ہارون رشید پر واضح کر دیا کہ انہوں نے من پسند فیصلے کیے لہذا اب شکستوں کی ذمہ داری بھی قبول کرنا ہوگی، چیف سلیکٹر کو ڈھکے چھپے الفاظ میں عہدہ چھوڑنے کا کہہ دیا گیا ہے تاہم عمل درآمد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ہوگا۔