لاہور(نیوز ڈیسک)قومی ٹی 20ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی چھتیس سال کے ہوگئے ۔ بوم بوم لالا یکم مارچ 1980 کو خیبرایجنسی میں پیدا ہوئے۔کرکٹ کی دنیا میں بوم بوم آفریدی کے نام سے شہرت پانے والے پاکستان اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی نے زندگی کی 36 بہاریں دیکھ لیں، شاہد آفریدی نے کراچی کی گلیوں میں کرکٹ کا ا آغاز کیا۔ شاہد آفریدی نے 1996 میں مشتاق احمد کے زخمی ہونے پر متبادل کی حیثیت سے بطور لیگ اسپنر ون ڈے ڈیبیو کیا۔ سری لنکا کے خلاف دوسرے ہی میچ میں چھتیس بالز پر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنا کر دنیا بھر میں مشہور ہوگئے۔ ان کا ریکارڈ پہلے نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور پھر جنوبی افریقا کے ڈی ویلیئرز نے توڑ کر اپنے نام کرلیا۔شاہد آفریدی نے ٹیسٹ ڈیبیو انیس سو اٹھانوے میں آسٹریلیا کے خلاف کیا۔ جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں بوم بوم آفریدی کے نام سے مشہور ہیں۔انہوں نے ستائیس ٹیسٹ میں 1716 رنز 5 سنچریز اور 8 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے۔ بہترین اسکور 156 رنزرہا۔ لیگ اسپن بولنگ سے 48 وکٹیں بھی لیں۔ بہترین بولنگ باون رنز کے عوض پانچ وکٹیں رہی۔