دبئی(نیوز ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے روح رواں نجم سیٹھی کہتے ہیں لیگ کے اگلے ایڈیشن کے چند میچز پاکستان میں کرانے کا روڈ میپ تیارکرلیا ہے، پنجاب حکومت اور کور کمانڈر کراچی نے میچز کے انعقاد کیلئے فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کا گرین سگنل دے دیا ہے۔یو اے ای میں پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کی کامیابی کے حوالے سے پریس کانفرنس میں نجم سیٹھی کے چہرے پر خوشی نمایاں تھی اور ان کا کہنا تھا کہ مشکل چیلنج کے باوجود لیگ کا کامیاب انعقاد کسی کارنامے سے کم نہیں جس کا کریڈٹ تمام اسٹیک ہولڈرز کے سر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لیگ نے بلوچستان کو قومی دھارے میں لانے میں اہم کردار ادا کیا۔نجم سیٹھی نے بتایا کہ غیر ملکی پلئیرز نے فول پروف سیکورٹی کی یقین دہانی پر اگلے ایڈیشن کے چند میچز پاکستان میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جس کیلئے ارباب اختیار نے گرین سگنل دے دیا ہے۔چیئرمین پی ایس ایل نے آئندہ ایڈیشن میں انڈر نائنٹین اور ریجن کا ایک ایک پلئیر بھی ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔