دبئی(نیوز ڈیسک) جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو شکست دے کر آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں چوتھی سے دوسری پوزیشن پر قبضہ کرلیا جب کہ انگلینڈ کے ساتویں نمبر پر جانے سے پاکستان چھٹے نمبر پر آگیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کردی جس میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0۔2 کی شکست کے بعد انگلینڈ کو ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا اور انگلش ٹیم چھٹی سے ساتویں پوزیشن پر چلی گئی جس کے باعث پاکستان کی ایک درجہ ترقی ہوئی اور اس نے چھٹے نمبر پر قبضہ جما لیا جب کہ جنوبی افریقا نے چوتھے نمبر سے دوسرے نمبر پر قدم رکھ دیا ہے۔آئی سی سی کی جاری کردہ نئی ٹی ٹوءں ٹی رینکنگ کے مطابق بھارت پہلے جنوبی افریقا دوسرے اور ویسٹ انڈیز تیسرے نمبر پر موجود ہے جس کے بعد نیوزی لینڈ، سری لنکا، پاکستان، انگلینڈ، آسٹریلیا، افغانستان اور بنگلا دیش بالترتیب چوتھے سے دسویں نمبر پر موجود ہیں۔واضح رہے انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقا کو شکست سے دوچار کیا تھا جس کے بعد جنوبی افریقا نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلینڈ کو پسپا کرکے ٹیسٹ سیریز کا بدلہ لیا۔