دبئی (نیوزڈیسک) پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈین بالر کیون کوپر کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں کسی باﺅلر کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا ہے۔27سالہ کرکٹر نے ابھی تک عالمی سطح پر ویسٹ انڈیز کی نمائندگی نہیں کی لیکن وہ اپنی آبائی ٹیم ٹرینیڈا اینڈ ٹوباگو کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔کوپر کا ایکشن منگل کو دبئی میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں رپورٹ ہوا۔پی ایس ایل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کوپر کو ابھی صرف وارننگ جاری کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پی ایس ایل کی مشکوک باﺅلنگ ایکشن کی پالیسی کے مطابق اگر وارننگ ملنے کے بعد بھی کسی باﺅلر کا ایکشن دوبارہ مشکوک رپورٹ ہو تو اسے پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں باﺅلنگ کیلئے معطل کردیا جائے گا یہاں تک کہ وہ اپنا ایکشن کلیئر نہ کرا لے۔مشکوک بالنگ ایکشن کیلئے معطل کو کھلایا جا سکتا ہے لیکن اس کو باﺅلنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔یاد رہے کہ کیون کوپر کا باﺅلنگ ایکشن انڈین پریمیئر لیگ میں بھی مئی 2014ءمیں رپورٹ ہو چکا ہے لیکن بعد میں انہیں کلیئر کردیا گیا تھا۔جون 2014ءسے آئی سی سی نے مشکوک بالنگ ایکشن کے حامل کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا تھا جس کے بعد دنیا بھر میں دو درجن کے قریب بالرز کے ایکشن مشکوک رپورٹ ہوئے جبکہ متعدد بالرز کو معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ایک سال میں دوسری مرتبہ بالنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہونے پر آئی سی سی نے پاکستانی آف اسپنر محمد حفیظ کی بالنگ پر ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی۔