بارسلونا(نیوز ڈیسک) ارجنٹینا کے کپتان اور ہسپانوی کلب بارسلونا کے اسٹار لیونل میسی کے گردے میں تکلیف کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے۔بارسلونا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسٹرائیکر میسی کے گردے میں تکلیف کے بعد متعدد ٹیسٹ کیے جائیں گے تاکہ ان کی تکلیف کا جائزہ لیا جا سکے۔میسی کو گزشتہ دسمبر گردے میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی اور گردے میں پتھری سے منسلک بیماری کا شکار میسی اسی وجہ سے دسمبر میں ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ سیمی فائنل میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔تاہم کلب کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کے بعد میسی بدھ کو ٹریننگ کیلئے ٹیم کو جوائن کر لیں گے اور ممکنہ طور پر ویلنشیا کے خلاف کنگز کپ کے سیمی فائنل کا دوسرا لیگ میچ کھیلیں گے۔میسی اس سیزن میں بارسلونا کیلئے لا لیگا میں 17 میچوں میں 12 گول اسکور کر چکے ہیں جس کی بدولت ان کا کلب تین پوائنٹس کی واضح برتری کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔انہوں نے اتوار کو لیوانٹے کے خلاف میچ میں پورے 90 منٹ میدان میں گزارے جہاں ان کی ٹیم نے 2۔0 سے فتح اپنے نام کی۔ کنگز کپ کے سیمی فائنل کے پہلے لیگ میچ میں بارسلونا نے 7۔0 کے واضح مارجن سے فتح حاصل کی تھی۔ ۔#/s#