اسلام آباد(نیو زڈیسک)آئی سی سی نے تصدیق کردی ہے کہ انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے ایونٹ کے بقیہ میچوں کے لیے پاکستانی ٹیم میں محمد اسد کی جگہ حیات اللہ کو شامل کرنے کی منظوری دے دی۔ محمد اسد زخمی ہونے کے باعث آئی سی سی ورلڈ کپ میں مزید نہیں کھیل سکیں گے۔ کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کے دوران کسی کھلاڑی کے زخمی ہوجانے کے بعد ایونٹ کے باہر ہونے کی صورت میں آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کو تحریری درخواست کرنا پڑتی ہے جس کے ساتھ ڈاکٹر کی رائے اور میڈیکل رپورٹ بھی پیش کرنا ضروری ہے۔ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی میں آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیف الارڈک، آئی سی سی ایونٹس کے سربراہ کرس ٹیٹلے، میزبان ملک کے نمائندے محبوب الحسن اور محمد جلال یونس، غیر جانبدار نمائندے اور سابق انٹرنیشنل کرکٹر رسل آرنلڈ اور ڈومینک کارک شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان بنگلہ دیش میں جاری انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پیر یعنی کل فتح پور میں ویسٹ انڈیز کا سامنا کرے گا اور اس میچ کا فاتح 11 فروری کو سیمی فائنل میں بنگلہ دیش سے ٹکرائے گا۔