لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان ٹیم کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں ہونے والی شکست پر سابق کرکٹرز نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ۔ سابق کپتان رمیز راجہ نے آخری میچ کی کارکردگی کو تسلی بخش جبکہ سابق کپتان وسیم اکرم نے کپتان اظہر علی کو ذمہ دار قرار دیا ۔ رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں قسمت نے پاکستان ٹیم کا ساتھ نہیں دیا۔ پاکستان ٹیم نے میچ میں اچھا کم بیک کیا تھا لیکن بارش کے باعث ہدف بہت ہی کم ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث پچ گیلی ہو گئی جس کی وجہ سے گیند سپن ہو رہا تھا، کپتان اظہر علی نے اچھی باؤلنگ کی ہے لیکن عرفان کی فٹنس پر سوال اٹھتا ہے کہ ان کا سپل 130سے اوپر نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نیوزی کا مقابلہ سخت کیا اور اس لیے داد دینی چاہیے ،اچھی بات یہ ہے کہ کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا جب ٹیم لڑ کر ہارتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اگر مکمل اوورز کھیلتا تو ہدف تقریبا 320کے قریب ہونا تھا جو کہ اچھا ہدف تھا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ قومی ٹیم میں پانچواں ریگولر باولر نہیں کھلا یا گیا اور قومی ٹیم میں تسلسل نظر نہیں آتا ہے۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم پانچواں ریگولر باولر نہیں کھلا یا گیاجو کہ بہت ضروری ہے اگر نا کھلایا جائے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں ،اظہر علی نے اچھی باولنگ کی لیکن وہ کوئی ریگولر باولر نہیں ہے۔ شعیب ملک نے اچھی باولنگ نہیں کی کیونکہ آف سپینر کامیاب تب ہوتا ہے جب وہ آف سٹمپ کے باہر سے گیند کرواتا ہے۔ وسیم اکرم کا کہناتھا کہ اظہر علی ٹیم نہیں سلکٹ کر سکتے کیونکہ ابھی وہ چھوٹے ہیں اور مضبوط کیپٹن نہیں ہیں اور سلیکشن کمیٹی ہی کھلاڑیوں کو فائنل کرتی ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں