دبئی(نیوز ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا 5 روزہ اجلاس آج سے دبئی میں شروع ہورہا ہے ، چیف ایگزیکٹو اور بورڈ سمیت متعدد کمیٹیز کے اجلاس میں بگ تھری کی تشکیل کے بعد سے ابتک کے انتظامی معاملات کا تجزیہ ، دو طرفہ کرکٹ کی شیڈولنگ اور کرکٹ کی اولمپک میں شمولیت پر بات چیت ہوگی۔آئی سی سی کے مطابق اجلاس کے پہلے روز چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ ہوگی، جس میں کرکٹ کمیٹی کی تشکیل کے بارے میں تبادلہ خیال ہوگا ، ساتھ ساتھ ورلڈ ٹی ٹوینٹی کی کنڈیشنز اور پرائز منی کے حوالے سے تجاویز تیار کی جائیں گی۔منگل اور بدھ کو فنانس ، ایچ آر اور گورننس کمیٹی کے اجلاس ہوں گے جبکہ جمعرات اور جمعہ کو 2 روز بورڈ اجلاس ہوگا، جس میں بگ تھری کے معاملات ، دو طرفہ کرکٹ مقابلوں کو شیڈولنگ اور کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کے لئے پلان ترتیب دینے پر بات چیت کی جائے گی