لاہور( نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ملاقات کی جس میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ پاکستان کا بے حدمقبول کھیل ہے اور پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کرکٹرز نے کئی مواقع پر عالمی سطح پر ملک وقوم کانام روشن کیا ہے۔کھلاڑی پاکستان کے عظیم سفیر ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کھیل کو صرف کھیل کے طو رپر ہی لینا چاہیے۔ کھیل کی اصل روح سپورٹس مین سپرٹ ہے ۔صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کافروغ نہایت ضروری ہے،یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ انتہا پسندی کے رجحانات کے خاتمے اورصحتمندانہ سرگرمیوں میں اضافے میں ممدومعاون ثابت ہورہا ہے ،اسی لئے پنجاب حکومت صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے ۔کھیل کسی ملک کاسافٹ امیج اجاگر کرنے میں بھی نمایاں کردارادا کرتے ہیں ۔اس لئے صوبے میں کھیل اوردیگر صحتمندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے خطیر وسائل فراہم کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ،ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے میدان صوبے بھر میں آباد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرینگے۔