ولنگٹن(نیوزڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں شکست کے ساتھ ہی پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف بیسن ریزرو ولنگٹن پر 26 سال سے ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ولنگٹن میں 1990 سے ہر فارمیٹ میں ناقابل شکست تھی اور اسے کسی بھی میچ میں میزبان کے ہاتھوں شکست کا منہ نہیں دیکھنا پڑا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان اس دوران چار ٹیسٹ میچ کھیلے گئے جس میں سے تین میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی جبکہ 2011 میں کھیلا گیا آخری ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔اسی طرح 1990 کے بعد سے اب تک دونوں ٹیمیں تین ایک روزہ میچوں میں ویلنگٹن میں مدمقابل آئیں اور تینوں مرتبہ فتح نے پاکستان کے قدم چومے جبکہ دونوں کے درمیان اب تک اس گراؤنڈ پر کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلا گیا تاہم پیر کو کھیلے گئے میچ میں کیویز نے 70 رنز سے کامیابی حاصل کر کے پاکستان کو 26 سال سے برقرار اس ریکارڈ سے محروم کردیا۔