ویلنگٹن(نیوزڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد پاکستان نے سیریز گنوانے کے ساتھ ساتھ ایک نیا بدترین ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔کوری اینڈرسن کی شاندار آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 95 رنز سے فتح اپنے نام کی۔نیوزی لینڈ نے اینڈرسن کے جارحانہ 82 رنز کی بدولت 196 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا تاہم پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور 95 رنز کی بدترین شکست اپنے نام کر لی۔یہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے جبکہ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے۔اس سے قبل پاکستان کو رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست آسٹرییا کے ہاتھوں 2012 میں ہوئی تھی جب کینگروز نے94 سے فتح اپنے نام کی تھی۔نیوزی لینڈ نے 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی کامیابی حاصل کی جب آئرش ٹیم کو 83 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس آغاز پیر کو ہونے والے ایک روزہ میچ سے ہو گا۔