کینبرا(نیوزڈیسک) آسٹریلیا نے چوتھے ایک روزہ میچ میں مہمان بھارت کو 25 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کے لئے راہ ہموار کرلی۔کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان بھارت کی پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 323 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ مہمان بھارتی ٹیم پہلے ہی سیریز گنوا چکی ہے تاہم 5 میچ پر مشمتمل سیریز میں اسے مسلسل چوتھے میچ میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کی تو اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے شاندار بیٹںگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کی خوب پٹائی کی اور پہلی وکٹ پر 187 رنز جوڑے اور ڈیوڈ وارنر ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد ایرون فنچ بھی 221 کے مجموعی اسکور پر 107 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے، مچل مارش 33، کپتان اسٹیون اسمتھ 51، گلین میکسویل 41 اور جارج بیلی 10 رنز بناسکے جب کہ جیمس فالکنر اور میتھیو ویڈ بغیرکوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے ایشانت شرما نے 4 اور اومیش یادیو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں بھارت نے عمدہ آغاز کیا اور اوپننگ بلے باز روہت شرما اور شیکردھاون نے پہلی وکٹ پر 65 رنز جوڑے تھے کہ شرما 41 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ویرات کوہلی اور شیکردھاون نے دوسری وکٹ پر دھواں دھار بیٹنگ کی اور 212 رنز کی شراکت قائم کی۔ دھاون 126 اور کوہلی 106 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کوئی بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر نہ کھڑا ہوسکا۔ کپتان دھونی بغیرکوئی رنز بنائے پویلین لوٹے جب کہ سنگھ مان 5، اجنکایا ریہانے 2، رشی دھاون 9، بھونیشور کمار 2اومیش یادیو 2، ایشانت شرما صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور روندرا جدیجا 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ میزبان آسٹریلیا کی جانب سے کین رچرڈسن نے 5، جان ہیزٹن اور مچل مارش نے 2،2 جب کہ نیتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر کین رچرڈسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔