جوہانسبرگ(نیوزڈیسک) انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ میں میزبان پروٹیز نے نئے عالمی ریکارڈ بنا دیے۔سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقی ٹیم 313 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی تاہم حیران کن طور پر پوری اننگز میں کوئی بھی کھلاڑی ففٹی تک سکور نہ کر سکا اور ڈین ایلگر 46 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے۔جنوبی افریقہ کی اننگ پر نظر دوڑائی جائے تو تمام 11 بلے باز ڈبل فیگر میں داخل ہوئے لیکن کوئی کھلاڑی ففٹی نہ بنا سکا۔ٹیسٹ کرکٹ کی ایک صدی سے زائد پرانی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم کے تمام بلے باز دہرے ہندسے میں داخل ہوئے ہوں لیکن کوئی کھلاڑی نصف سنچری بھی نہ بنا سکا ہو۔اس کے علاوہ ماضی میں صرف ایک ہی ٹیم ایسی ہے جس نے جنوبی افریقہ کے 313 سے زیادہ رنز بنائے اور کوئی بھی کھلاڑی ففٹی نہ بنا سکا۔انگلینڈ نے 86-1985 کے پورٹ آف سپین ٹیسٹ میں 315 رنز بنائے تھے اور ڈیوڈ گاور 47 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے تھے تاہم اننگز کا سب سے زیادہ سکور ایکسٹراز کا تھا جن کی تعداد 59 تھی۔جنوبی افریقہ کی اننگزمیں ایلگر 46 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ اننگز کا سب سے کمتر سکور مورنے مورکل کا تھا جنہوں نے 12 رنز بنائے۔