آکلینڈ(نیوز ڈیسک)نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے 15 رنز سے فتح اپنے نام کی لیکن یہ میچ محمد عامر کیلئے ہر لحاظ ایک یادگار میچ ثابت ہوا جنہوں نے سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کی۔تقریباً ساڑھے پانچ سال پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد عامر کیلئے پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ ہر لحاظ سے ایک یادگار میچ ثابت ہوا۔انہوں نے ناصرف اس میچ کے ذریعے اپنی عالمی کرکٹ میں واپسی یقینی بنائی بلکہ اپنی تیز باؤلنگ سے ایک بار پھر شائقین کے دل جیت لیے۔کپتان شاہد آفریدی نے عامر کی گیند پر حریف کپتان کا کیچ ڈراپ کر کے انہیں ابتدا میں ہی حریف کپتان کی وکٹ لینے سے محروم کردیا لیکن اختتامی اوور میں انہوں نے آفریدی کی ہی مدد سے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔اس وکٹ کے ساتھ عامر نے عالمی کرکٹ میں اپنی وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کر لی ہے، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 51، ایک روزہ میں 25 اور ٹی ٹوئنٹی میں 24 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں عامر نے چار اوورز کے کوٹے میں 31 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اگلا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔