کھلنا(نیوز ڈیسک) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھلنا ٹیسٹ کے آخری روز پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض اور بنگلہ دیشی بیٹسمین شکیب الحسن کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی، میچ ریفری نے دونوں پر جرمانہ عائد کر دیا۔ دونوں کھلاڑیوں پر میچ کا تیس فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یہ لڑائی اس وقت ہوئی تھی جب کھلنا ٹیسٹ کے آخری روز شکیب الحسن نے پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان پر الزام عائد کیا کہ وہ وکٹ پر دوڑ رہے ہیں تا کہ اسے خراب کریں اور بولرز اس سے فائدہ اٹھا سکیں، انہوں نے جنید خان کو چیٹ قرار دیا جس پر وہاب ریاض آپے سے باہر ہو گئے، انہوں نے شکیب الحسن کو خوب کھری کھری سنا ڈالیں، شکیب الحسن نے بھی کچھ کمی نہ کی اور دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کی طرف انگلیاں اٹھا کر سخت لہجے میں بات کرتے رہے۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق کھلاڑی ایک دوسرے کی طرف جارحانہ اندازسے اشارہ نہیں کر سکتے اور یہ قوانین کی خلاف ورزی میں شمار ہوتا ہے۔ میچ ریفری جیف کرو نے دونوں کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کر دیا جسے دونوں کھلاڑیوں نے منظور بھی کر لیا ہے۔