ایک مرید نے مولانا روم سے چند سوالات پوچھے جن کے انہوں نے بہت خوبصورت مختصر اور جامع جوابات عطا فرمائے جو بالترتیب پیشِ خدمت ہیں:1- زہر کسے کہتے ہیں؟ہر وہ چیز جو ہماری ضرورت سے زائد ہو،وہ ہمارے لئے زہر ہے خواہ وہ قوت و اقتدار ہو،
دولت ہو، بھوک ہو،انانیت ہو، لالچ ہو، سستی و کاہلی ہو، محبت ہو، عزم و ہمت ہو، نفرت ہو یا کچھ بھی ہو۔2- خوف کس شئے کا نام ہے؟غیر متوقع صورتِ حال کو قبول نہ کرنے کا نام خوف ہے۔ اگر ہم غیر متوقع کو قبول کر لیں تو وہ ایک ایڈونچر ایک مہم جوئی میں تبدیل ہو جاتی ہے۔3- حسد کسے کہتے ہیں؟دوسروں میں خیر اور خوبی کو تسلیم نہ کرنے کا نام حسد ہے۔ اگر ہم اس خوبی کو تسلیم کر لیں تو یہ رشک اور انسپائریشن بن کر ہمارے لئے ایک مہمیز کا کام انجام دیتی ہے۔4- غصہ کس بلا کا نام ہے؟جو امور ہمارے قابو سے باہر ہو جائیں، ان کو تسلیم نہ کرنے کا نام غصہ ہے۔ اگر ہم تسلیم کر لیں تو عفو درگزر اور تحمل اس کی جگہ لے لیتے ہیں۔5- نفرت کسے کہتے ہیں ؟کسی شخص کو جیسا کہ وہ ہے، تسلیم نہ کرنے کا نام نفرت ہے۔ اگر ہم غیر مشروط طور پر اسے تسلیم کر لیں تو اسے محبت کہیں گے۔