لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) جسم پر جو سیاہ نشان سے بن جاتے ہیں انہیں عرف عام میں’تِل‘کہاجاتا ہے۔ یہ پیدائشی بھی ہوتے ہیں اور وقت کے ساتھ بن بھی سکتے ہیں۔ ان تِلوں پر افسانے ، گانے اور کہانیاں بھی لکھی گئی ہیں ۔ شاعروں نے بھی’تِلوں‘ کو معاف نہیں کیا، انہوں نے اسے حسن کی علامت کے طورپر لیا ہے۔جب یہ نجومیوں اور قسمت کا حال بتانے والوں کے ہتھے چڑھے تو انہوں نے اس میں چھپا قسمت کا حال معلوم کر لیا ۔
تِل نادرا کے لئے ہی نہیں یہ ہمارے جسم کے لئے بھی اہم ہیں ۔ عام طور پرتِل شناختی علامت کے طور پر اہم سمجھے جاتے ہیں مگرایسا نہیں ہے، اور بھی کئی کام ہیں جو یہ ننھے تِل سرانجام دیتے ہیں ۔یہ جسم میں اندرونی تبدیلیوں کے بھی عکاس ہیں ۔ ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ جسم کے مختلف حصوں پر ’تِل‘ جسم کی اندرونی کیفیت کا مظہر ہیں ۔ سمجھ لیں کہ یہ جسم کے’’رپورٹر ‘‘ ہیں ، سب بتا دیتے ہیں کہ اندر کیا چل رہا ہے۔اس طرح مختلف شعبوں کے ماہرین کے نزدیک ’تِل‘کا مطلب الگ الگ ہے ۔ آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ اہل نجوم کیا کہتے ہیں ۔ نجومیوں کے مطابق دائیں رخسارپر تِل والے لوگ شادی کے بعد امیر ہوجائیں گے ۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ دائیں رخسار پر تِل والوں کی شادی امیر گھرانوں میں ہو سکتی ہے۔ یہ لازمی نہیں ہے۔یہ نجومیوں کا کہنا ہے۔ایسا نہ ہو کہ امیر لڑکی کی تلاش میں آپ کے سر میں چاندی آجائے! ہونٹوں پر’تِل‘والے بھی دوسروں کی بہ نسبت جلد ی سیٹھ بن سکتے ہیں۔یہ لوگ ضدی اور ثابت قدم ہوتے ہیں،اسی وجہ سے جلدی امیربھی ہوسکتے ہیں ۔ ناک کی دائیں جانب تل والے انسان کو جلد یا بدیر ڈھیروں دولت ملتی ہے ،جوانی میں ہی ان کے دن پھرجاتے ہیں اور پیسے کی ریل پیل شروع ہو جاتی ہے ۔ پاؤں کی چھت پر ’تِل‘ والے لوگ حالت سفر میں رہتے ہیں ۔ یہ اندرون ملک بھی ہو سکتا ہے اور بیرون ملک بھی۔ ا نہی لوگوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان
کے پائوں میں چکر ہے!پائوں میں چکر ہونے کا مطلب یہ ہے کہ پائوں میں’تِل‘ہے ۔ کمر پر کسی بھی جانب تل والے امیر ہوسکتے ہیں۔ آنکھوں کے درمیان اور ماتھے کے قریب ’تِل‘ والے آسودہ زندگی گزارتے ہیں،وہ عالمی سفر پر بھی جا سکتے ہیں۔دائیں ہاتھ کی ہتھیلی کے اوپری حصے پر ’تِل‘ کامیابی اور دولت کی علامت ہے۔ نچلی طرف ہونے کی صورت میں بھی دولت تو ملے گی مگر ذرا بھاگ دوڑ کے بعد ۔ ٹھوڑی پر ’تِل‘والے
زیادہ سوشل نہیں ہوتے ، بس اپنے خاندان اور دوستوں میں ہی دلچسپی لیتے ہیں ۔ تاہم دولت ان کے قدموں میں رہتی ہے ۔ سینے کے دائیں جانب ’تِل‘آسودہ اور پرسکون زندگی کی نشانی ہے ۔ گالوں اور ان کے درمیان کسی بھی جگہ ’تِل‘ والے جوانی میں ہی امیر ہوجاتے ہیں ۔ چھوٹی انگلی پر ’تِل‘ سفر کی نشانی ہے۔ دائیں آنکھ کے اوپر ’تِل‘والے لوگ محبت کرتے ہیں۔