ایک روز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ کے درمیان تشریف آوری کے دوران حضرت ابوبکر سے پوچھا: ابوبکر آپ دنیا میں کیا چیز پسند کرتے ہیں؟ انھوں نے جواب میں کہا حضور تین چیزیں پسند کرتا ہوں۔اول: آپ کے درمیان بیٹھا رہوں دوسرے آپ کو دیکھتا رہوں تیسرے اپنے مال کو آپ پر خرچ کروں۔پھر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عمرؓ سے دریافت کیا کہ عمرؓ آپ کیا پسند کرتے ہیں:
حضرت عمرؓ نے جواب میں کہا : حضور ﷺتین چیزیں پسند کرتا ہوں۔اول نیکی کا حکم دوں اگرچہ کے سری طور پر ہو، دوسرے برائی سے روکتا رہوں اگرچہ سرعام ہو اور تیسرے حق بات کہوں اگرچہ سننے والوں کو کڑوی لگے۔اور پھرحضور ﷺنے حضرت عثمانؓ سے دریافت کیا کہ عثمانؓ! آپ کیا پسند کرتے ہیں:حضرت عثمانؓ نے جواب دیا : حضور ﷺتین چیزیں پسند کرتا ہوں:اول لوگوں کو کھانا کھلاؤں، دوسرے سلام کو پھیلاؤں اور تیسرے رات میں ایسے وقت نماز پڑھوں جب لوگ نیند کی آغوش میں ہوں۔اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علیؓ سے دریافت کیا کہ علیؓ! آپ کیا پسند کرتے ہیں؟حضرت علیؓ نے جواب دیا کہ حضور تین چیزیں پسند کرتا ہوں:اول مہمان نوازی کروں دوسرے گرمی کے موسم میں روزے رکھوں اور تیسرے دشمن پر تلوار سے وار کروں۔پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابوذرغفاریؓ سے دریافت فرمایا : ابوذر آپ کیا پسند کرتے ہو؟حضرت ابوذر غفاریؓ نے جواب دیا: حضورﷺ میں دنیا میں تین چیزیں پسند کرتا ہوں۔اول بھوک دوسرے بیماری اور تیسری موت۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھتے ہوئے کہا آپ ان چیزوں کو کیوں پسند کرتے ہو؟
انھوں نے جواب دیا کہ حضور ﷺبھوک اس لیئے عزیز ہے کہ اس کے ذریعے میرا دل نرم ہوتا ہے اور بیماری اس لیئے محبوب ہے کہ اس کے ذریعے میرے گناہ معاف ہوتے ہیں اور موت اس وجہ سے عزیز ہے کہ اس کے ذریعے میں اپنے پروردگارسے ملوں گا۔اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :میرے لیئے تمہاری دنیا سے تین چیزیں پسند کروائی گئی۔اول خوشبو، دوسری نیک عورتیں، اور تیسری میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں رکھی گئی ہے۔اسی اثناء حضرت جبریل علیہ السلام تشریف لاتے ہیں اور فرماتے ہیں مجھے تمہاری دنیا سے تین چیزیں پسند ہیں:اول پیغام کو پہنچانا، دوسرے امانت کو ادا کرنا اور تیسرے مساکین سے محبت کرنا۔پھر حضرت جبرائیل علیہ السلام آسمانوں کی جانب لوٹتے ہیں اور دوبارہ زمین پر واپس آتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ حضور ﷺاللہ رب العزت آپ کو سلام کہتے ہیں: اور ارشاد فرماتے ہیں: کہ اللہ رب العزت کو تمہاری دنیا سے تین چیزیں پسند ہیں:اول ایسی زبان جو اللہ کی یاد سے تر ہو، دوسرے ایسا دل جو اللہ سے ڈرنے والا ہو اور تیسرے ایسا جسم جو مصائب اور آزمائشوں میں صبر کرنے والا ہو۔حوالہ : صحیح اسلامی واقعات شائع کردہ جامعہ الاظہر مصر اردو ترجمہ صفحہ 70



















































