جو اپنا تجزیہ کرتے ہیں ان کو پتہ چلتا رہتا ہے اپنے اس ” سیلف ” کا جو لے کر انسان پیدا ہوا تھا وہ محفوظ رکھا ہوا ہے یا نہیں ۔ گو ہم نے تو اپنے ” سیلف ” کے اوپر بڑے بڑے سائن بورڈ لگا لیے ہیں ، اپنے نام تبدیل کر لئے ہیں ، اپنی ذات کے اوپر ہم نے پینٹ کر لیا ہے ۔ ہم جب کسی سے ملتے ہیں مثلاًمیں آپ سے اشفاق کی طرح نہیں ملتا میں تو ایک رائٹر، ایک دانشور، ایک سیاستدان، ایک مکار، ایک ٹیچر بن کر ملتا ہوں ۔اس طرح جب آپ مجھ سے ملتے ہیں آپ اپنے سائن بورڈ مجھے دکھاتے ہیں ۔ اصل ” سیلف ” کہاں ہے وہ نہیں ملتی ۔ اصل ” سیلف ” جو اللہ نے دے کر پیدا کیا ہے ، وہ تب ہی ملتا ہے ، جب آدمی اپنے نفس کو پہچانتا ہے ۔ لیکن اس وقت جب وہ اکیلا بیٹھ کر غور کرتا ہے ۔کوئی اس کو بتا نہیں سکتا اپنے نفس سے تعارف اس وقت ممکن ہے جب آپ اس کے تعارف کی پوزیشن میں ہوں اور اکیلے ہوں ۔ جس طرح اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ” جس نے اپنے نفس کو پہچان لیا اس نے اپنے رب کو پہچان لیا ” ۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں