کراچی (این این آئی)ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں مئی کے دوران سالانہ بنیادوں پر6 فیصد کی نموہوئی ہے تاہم مجمودی طور پر 11 ماہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں سالانہ بنیادوں پر21 فیصد کمی ہوگئی۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مئی 2023 میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 150 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 6 فیصد زیادہ ہے،
گزشتہ سال مئی میں ملک میں 143 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11ماہ میں ملک میں 1.320 ارب ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 1.665 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ملک میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم 294 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا ہے۔