امفال(این این آئی)بھارتی ریاست منی پور میں امن و امان کی صورتحال حکومت اور فوج کے قابو سے باہر نکل گئی، علیحدگی پسندوں نے ہائی وے بلاک کرکے 200 فوجی اہلکاروں کو دو ہفتے سے یرغمال بنا رکھا ہے۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق بشنوپور شہر میں علیحدگی پسندوں نے این ایچ 2 ہائی وے کو بلاک کیا جس میں بھارتی فوج کی 19 گاڑیوں اور ٹرکوں پر مشتمل قافلہ یکم جون سے پھنسا ہوا ہے۔قافلے میں فوجی افسران، جونیئر کمیشنڈ افسران اور دیگر رینک کے اہلکار شامل ہیں۔صورتحال پر قابو پانے کیلئے 13 جون کو تین ہیلی کاپٹر امفال سے چوراچندپور روانہ کیے گئے تھے۔ان ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ہائی وے پر پھنسے فوجی اہلکاروں کو اشیائے ضروریہ اور خشک راشن پہنچایا گیا ہے۔صورتحال اس وقت مزید خراب ہوئی جب علیحدگی پسندوں نے فوجی افسران اور اہلکاروں کی تلاشی لی اور ان سے شناختی کارڈ طلب کیے۔19 ٹرکوں کے قافلے میں فوجی اہلکاروں کے ساتھ راشن تھا جس میں 1100 کلو مچھلی اور 275 کلو مرغی کا گوشت شامل تھا جو سڑ گیا، امراض پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر سڑے ہوئے گوشت کو تلف کیا جاچکا ہے۔200 اہلکاروں کے علاوہ درجنوں دیگر فوجی اہلکار ایسے بھی تھے جنہیں مقبوضہ کشمیر، اروناچل اور سکم پہنچ کر رپورٹ کرنا تھا لیکن علیحدگی پسندوں نے انہیں کنگوائی کے علاقے سے گزرنے کی اجازت نہیں دی، ان اہلکاروں کو راشن لانے والے ہیلی کاپٹر اپنے ساتھ واپس بیس پر لے گئے۔