کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی چھوٹی ہمشیرہ بی بی آصفہ بھٹوزرداری نے سوشل میڈیا پر 8 جون کو کشمیر کے ضلع باغ میں ہونے والے ضمنی انتخابات سے متعلق پیغام جاری کیا ہے۔سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر
آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کی انتخابات سے متعلق ویڈیو پی پی کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکائونٹ پر شیئر کی گئی ہے۔اس ویڈیو میں عکسِ بینظیر، آصفہ بھٹو نے آج(جمعرات) ضلع باغ میں ہونے والے ضمنی انتخابات سے متعلق کشمیریوں کو تیر پر مہر لگانے کا پیغام دیا ہے۔وفاقی وزیر، بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو کی اس ویڈیو نے پی پی کے جیالوں، بینظیر بھٹو کے مداحوں اور چاہنے والوں کو ان کی یاد دلا دی ہے۔آصفہ بھٹو کی اس ویڈیو کے کمنٹ باکس میں آنے والے تبصروں سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مداح آج بھی بینظیر بھٹو کو اپنے دلوں میں بسائے ہوئے ہیں۔انٹرنیٹ صارفین نے اس ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے کہاکہ آصفہ بھٹو ہو بہو اپنی والدہ کی طرح بولتی ہیں جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ انہیں آصفہ بھٹو کی ویڈیو دیکھ کر ایسا لگا کہ جیسے بی بی قوم سے خطاب کر رہی ہیں۔ اس ویڈیو کے کمنٹ باکس میں آصفہ بھٹو سے سندھ کا وزیرِ اعلی بننے سے متعلق بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔