لاہور ( این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کی جانب سے فوری مذاکرات کی اپیل مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ریاست پر حملہ کرنے والے کو سزا دی جاتی ہے، مذاکرات نہیں کیے جاتے، عمران خان یہ مذاکرات کی نہیں این آر او کی اپیل ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 60ارب روپے کا ڈاکہ ڈالنے والے فارن ایجنٹ توشہ خانہ چور سے مذاکرات نہیں بلکہ قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو، قومی عمارات اور فخر کی علامات پر حملے کرنے والوں سے مذاکرات نہیں ہوتے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں سے مذاکرات کرنا شہدا کی بے حرمتی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایمبولسنز، ہسپتال، اسکول جلا کر،ملک میں فساد، توڑپھوڑ اور انتشار پھیلا کر نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر انڈیل کر اب کہتے ہو کہ مذاکرات کرنے ہیں؟ ،ریت کی طرح جماعت بکھر جانے کے بعد مذاکرات یاد آگئے۔ قوم، وطن اور شہدا کے مجرموں، دہشت گردوں کے سرغنہ سے مذاکرات نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ جہازوں میں لوگوں کو بھر کر لانے اور پٹے پہنا پہنا کرپی ٹی آئی بنائی گئی تھی۔ جو جماعتیں سیاسی نہیں ہوتیں وہ اسی طرح بکھر جاتی ہیں۔