پشاور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم این اے اور شہرام ترکئی کے چچا عثمان ترکئی نے بھی پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا ۔ عثمان ترکئی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیاجبکہ انہوںنے کہاہے کہ ہم آخری دم تک عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے، 9 مئی کو ہونے والی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں(آج)پیر کو افواج پاکستان کے ساتھ اظہاریکجہتی ریلی نکالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی ایک اور وکٹ گر گئی۔ صوابی سے سابق ایم این اے عثمان ترکئی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ۔ پشاور پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عثمان ترکئی نے کہاکہ میں نے پہلاالیکشن اسفندیار ولی خان کیساتھ لڑاتھا،اورجیت بھی گئے تھے ،ہم نے فیصلہ کیاتھاکہ عمران خان انصاف کی باتیں کرتے ہیںاورپی ٹی آئی میں شامل ہوئے،پرویز خٹک اور اسد قیصر مجھے پارٹی میں آگے جانے نہیں دیتے تھے ،پارٹی میں شہرام اورعاطف خان بھی مخالف تھے ،پارٹی میں مشکلات کے باوجودعمران خان کیساتھ کھڑے تھے ۔
عثمان ترکئی نے کہا کہ کرنل شیر خان شہید کے گاوں سے میرا تعلق ہے، بس ہم مزید پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں چل سکتے، اس لئے بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں ، اگر عدالت نے ہمیں بحال بھی کیا تو میں پی ٹی آئی کی سیٹوں پر نہیں بیٹھوں گا ، میں نے 9 مئی کے واقعات کی پہلی بھی مذمت کی تھی اور اب بھی کرتا ہوں،آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ مشاورت کے بعد کرینگے۔ شہرام ترکئی اور اْس کے خاندان کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔