اسلام آبا د(نیوز ڈیسک) ملک میں کاروباری ہفتے کے چوتھے دن سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ آل پاکستان صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 600 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 66 ہزار 162 روپے مقرر کی گئی ہے۔اسی طرح 10 گرام سونا بھی سستا ہو گیا ہے اور اس کی قیمت میں 515 روپے کمی کے بعد یہ 3 لاکھ 99 ہزار 685 روپے پر آ گیا ہے۔
دوسری جانب اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں سونے کی سالانہ طلب 60 سے 90 ٹن کے درمیان رہتی ہے، جس کی مجموعی مالیت کا اندازہ تقریباً 8 سے 12 ارب ڈالر لگایا جاتا ہے۔ تاہم اس شعبے میں 90 فیصد سے زائد لین دین اب بھی دستاویزی نظام سے باہر ہے۔کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کی ’’پاکستان کی سونے کی مارکیٹ‘‘ کے حوالے سے شائع شدہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق ملک میں سونے کی تقریباً 70 فیصد کھپت شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے باعث ہوتی ہے۔
پاکستان اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے سونے کی درآمدات پر بھی انحصار کرتا ہے۔ مالی سال 2024 کے دوران ملک نے تقریباً ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا، جبکہ 2025 کے اختتام تک پاکستان کے سرکاری سونے کے ذخائر 64.76 ٹن تک پہنچ گئے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 9 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔















































