کراچی (این این آئی)ای او بی آئی کے پنشن یافتگان کیلئے ایک خوشخبری یہ ہے کہ ان کی پنشن میں کم و بیش 20فیصد اضافہ کرکے اسے 10ہزار روپے تک کیا جارہا ہے لیکن یہ اعلان آئندہ ماہ متوقع ہے اور بڑھائی گئی پنشن کا اطلاق یکم جولائی سے ممکن ہوگا. سرکاری ملازمین کی تنخواہ اورالانسز میں ہر سال بجٹ میں اضافہ کیا جاتا ہے جبکہ ای او بی آئی پنشن ہر تین برس کے بعد بڑھتی ہے۔
ای او بی آئی کے پنشن یافتگان کی کل پاکستان نمائندہ تنظیم ای او بی آئی پنشنرز فورم کے سیکریٹری الطاف مجاہد نے یاد دلایا ہے کہ پنشن میں 2ہزار روپے کا آخری اضافہ تین سال قبل ہوا تھا۔نجی شعبہ کے کارکنوں کو ای او بی آئی پنشن محض ساڑھے آٹھ ہزار روپے ماہانہ ملتی ہے جس میں گزر بسر ایک طرف یومیہ اخراجات بھی پورے نہیں ہوتے۔
ای او بی آئی پنشنرز فورم نے یاد دلایا کہ نجی شعبے میں کام کرنے والے لاکھوں محنت کشوں کو آج بھی صحت کی سہولت سمیت سوشل سکیورٹی تک دستیاب نہیں، حکومت کی جانب سے کم از کم اجرت کے اعلان پر عمل درآمد نہیں ہورہا ہے اس لئے کم از کم پنشن کم از کم تنخواہ کے مساوی مقرر کی جائے یا پھر ای او بی آئی پنشن میں فوری طور پر معقول اضافہ کیا جائے۔