حکومت نے پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیخلاف درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا کردی
اسلام ابٓاد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈپروسیجر قانون کے خلاف درخواستیں مستردکرنےکی استدعا کردی۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق وفاقی حکومت نے درخواستوں کےخلاف 8 صفحات کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرایا۔
وفاق نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف کیس میں فل کورٹ بنانے کی استدعا کردی۔وفاق نے فل کورٹ تشکیل دینے کی متفرق درخواستیں دائر کیں،جن میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے سامنے معاملہ پارلیمنٹ کی قانون سازی کے اختیار کا ہے۔درخواست میں کہاگیا کہ عدالت کے روبرو معاملہ عدلیہ کی آزادی کا ہے، عدالت کے سامنے معاملہ اداروں کی اختیارات کی تقسیم کے آئینی نقطے کا بھی ہے۔وفاق نے متفرق درخواستوں میں موقف اختیار کیا کہ قانون کے خلاف درخواستیں اہم نوعیت کا آئینی معاملہ ہے، ماضی میں آئینی نوعیت کے ایسے مقدمات کیلئے فل کورٹ بینچ بنائے گئے۔درخواست میں کہا گیا کہ اس مقدمے میں بھی آئینی نوعیت کے سوالات اٹھائے گئے، سپریم کورٹ کے تمام ججز پر وفاق کا اعتبار ہے، استدعا کرتے ہیں سپریم کورٹ مقدمے میں سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دے۔