اسلام آباد (نیوزڈ یسک)فرانس کے شہر نیوویل سور ساون (Neuville-sur-Saône) میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے اپنے گھر کے باغ میں سوئمنگ پول کی تعمیر کے دوران اتفاقاً قیمتی خزانہ دریافت کرلیا۔تفصیلات کے مطابق، کھدائی کے دوران شہری کو پلاسٹک کے تھیلوں میں بند پانچ سونے کے بسکٹ اور درجنوں سکے ملے، جس پر اُس نے فوراً اس انکشاف کی اطلاع ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف کلچرل افیئرز کو دے دی۔حکام کی جانب سے تفصیلی تحقیقات کے بعد یہ طے کیا گیا کہ یہ خزانہ کسی تاریخی یا آثارِ قدیمہ کے مقام سے تعلق نہیں رکھتا، لہٰذا شہری کو اسے اپنے پاس رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ زمین کے سابق مالک کا انتقال ہوچکا ہے اور یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ سونا وہاں کب اور کن حالات میں دفن کیا گیا تھا۔یوں ایک عام شہری کی کھدائی زندگی کا سب سے غیر متوقع اور قیمتی تجربہ بن گئی۔















































