کراچی(اے ایف پی)جانوروں کے ماہرین آنے والے دنوں میں فیصلہ کریں گے کہ آیا کراچی کے چڑیا گھر میں موجود بیمار ہتھنی نور جہاں کو موت کے گھاٹ اتارنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔نور جہاں کئی ہفتوں سے بیمار ہے اور گزشتہ ہفتے اپنے باڑے میں گر گئی تھی، اور تب سے ہی کھڑی نہیں ہو پارہی۔پانچ اپریل کو کراچی میں ہی 17 سالہ افریقی ہتھنی کا ٹیومر کا ہنگامی علاج کرایا گیا تھا، لیکن کچھ دن بعد ہی وہ گر گئی اور اس کے بعد سے ایک کروٹ پڑی ہے۔پاکستان اور بیرون ملک سوشل میڈیا پر جانوروں کے حقوق کے کارکنان کی جانب سے نور جہاں کی افسوسناک حالت مسلسل شیئر کی جا رہی ہے، جس سے چڑیا گھر کو بند کرنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔