لاہور (این این آئی)سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر یاسر عرفات کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کا خواب دکھا کر جھنڈی دکھا دی گئی۔ذرائع کے مطابق یاسر عرفات کو قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کی آفر کی گئی تھی، 2 ماہ قبل مکی آرتھر نے انہیں براہ راست بولنگ کوچ بننے کی آفر کی تھی
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ یاسر عرفات نے مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کے لیے اپنی خدمات کی مکمل دستیابی دے دی تھی اور وہ طویل عرصے کے لیے بولنگ کوچ بننے کے لیے تیار ہوگئے تھے۔ذرائع کے مطابق انگلینڈ میں مقیم یاسر عرفات نے سسیکس کاؤنٹی اور ایلدم کالج کو استعفے کا پیغام بھی پہنچا دیا تھا۔ذرائع کے مطابق اب حال ہی میں مکی آرتھر نے یاسر عرفات سے رابطہ کر کے بولنگ کوچ کی آفر سے معذرت کرلی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے پلان میں قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے سابق پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں، پی سی بی صرف غیرملکی کوچز کے ساتھ طویل مدت کا معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے مکی آرتھر کو جواب دیا گیا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے پلان میں لوکل کوچز نہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کے لیے غیرملکی کوچز منتخب کرنے کے لیے مکمل اختیارات دیے ہوئے ہیں۔