اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت میں سامنے آنے والے ایک خطرناک وائرس نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے انعقاد پر خدشات پیدا کر دیے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق نئے نیپا وائرس کے پھیلاؤ نے اس بڑے عالمی کرکٹ ایونٹ کی تیاریوں کو متاثر کرنے کا امکان پیدا کر دیا ہے۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں نیپا وائرس کے متعدد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں دو نرسیں اور ایک ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر پانچ افراد متاثر بتائے جا رہے ہیں، جن کی حالت تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔
حکام نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرتے ہوئے کم از کم 100 افراد کو قرنطینہ میں منتقل کر دیا ہے، جبکہ حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ وائرس ایسے وقت میں پھیلنا شروع ہوا ہے جب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز میں صرف چند ہفتے باقی ہیں۔ اگر صورتِ حال مزید بگڑتی ہے تو ایونٹ کے انتظامات، سیکیورٹی اور لاجسٹکس پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق نیپا وائرس ایک مہلک مرض ہے جو چمگادڑوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ اس وائرس کی شرحِ اموات 75 فیصد تک بتائی جاتی ہے اور تاحال اس کا کوئی مؤثر علاج دستیاب نہیں ہے، جس کے باعث تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔















































