کراچی (این این آئی)نجی شعبہ کے ریٹائرڈ بوڑھے اور معذور ملازمین اور ان کے بیواں کو پنشن فراہم کرنے والے قومی ادارہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI)، زیر نگرانی وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل، حکومت پاکستان کی انتظامیہ کی غفلت اور کوتاہی کے باعث خدمات اور کارکردگی دن بدن ناقص ہوتی جارہی ہے ۔
جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس وفاقی فلاحی ادارہ کی ویب سائٹ www.eobi.gov.pk گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل بند ہے ۔ لیکن اس کے باوجود ای او بی آئی کی انتظامیہ نے اس کے متعلق اپنے رجسٹرڈ آجران اور ریٹائرڈ ملازمین کو کوئی اطلاع دینے کی زحمت گوارہ نہیں کی ۔ اس صورت حال کے باعث ای او بی آئی ہیڈ آفس کراچی کا اپنے ملک بھر کے تینوں B&C سندھ و بلوچستان، لاہور اور اسلام آباد کے دفاتر اور گوادر سے گلگت تک 70 سے زائد ریجنل و فیلڈ دفاتر سے رابطہ منقطع ہونے سے رمضان المبارک کے دوران لاکھوں بوڑھے، معذور اور بیوگان پنشنرز کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے ۔ ای او بی آئی کے رجسٹرڈ ہزاروں آجروں کو کنٹری بیوشن کی آن لائن ادائیگی اور لاکھوں بیمہ دار افراد کو ویب سائٹ کے ذریعہ اپنے رجسٹریشن کارڈ اور ہزاروں ریٹائرڈ بوڑھے اور معذور پنشنرز کو اپنی ماہانہ پنشن کے متعلق معلومات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ لیکن اس صورت حال میں ای او بی آئی کی انتظامیہ کوئی واضح جواب دینے کے بجائے مہر بلب بنی ہوئی ہے ۔