کراچی(این این آئی)کراچی میں سندھ ہائیکورٹ کے مرکزی دروازے پر بزرگ والدہ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے بیٹے کے قتل کا نوٹس لینے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کی اپیل کی ہے۔اس موقع پر والدہ نے کہا کہ ہمیں معاوضہ نہیں چاہیے بلکہ ملزمان کو گرفتار کر کے پھانسی کی سزا دلوائی جائے۔مقتول کے بھائی نے کہا ہے کہ پولیس نے قاتلوں کو گرفتار کر کے سزا دینے کے بجائے معاملہ جرگے کے حوالے کردیا اور جرگے نے قاتلوں پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے بھائی کو قتل کرنے کے بعد لاش روہڑی کنال میں بہائی، ملزم رمضان بروہی نے قتل کے بعد لاش نہر میں بہانے کا جرگے میں اعتراف بھی کیا۔خاتون کی درخواست چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو جمع کرا دی گئی ہے۔