کراچی (پی پی آئی)فور پاز کے مصر سے تعلق رکھنے والے رکن ڈاکٹر عامر خلیل نے کہا ہے کہ ہتھنی کو مثانے میں ٹیومر کا خدشہ تھا جو کہ اب نہیں ہے۔ ہتھنی نور جہاں کی طبیعت میں کافی بہتری آئی ہے۔
ہتھنی نور جہاں کے معائنے کے لیے فور پاز کی 8 رکنی ٹیم نے جمعرات کوپھر چڑیا گھر کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر عامر خلیل کی سربراہی میں ڈاکٹرز کی ٹیم نے ہتھنی کا معائنہ کیا، چڑیا گھر کے ویٹنری ڈاکٹر عامر اور ڈاکٹر عابدہ بھی فور پاز کی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔پی پی آئی کے مطابق اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر خلیل نے کہا کہ نور جہاں کا پوسٹ چیک اپ کیا جا رہا ہے، ہتھنی نور جہاں کو فی الحال سفاری پارک منتقل نہیں کیا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہتھنی کی طبیعت میں بہتری تک دوسری جگہ منتقل کرنا خطرہ ہے، سفاری پارک میں بھی تمام تر انتظامات کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ڈاکٹر عامر خلیل کا کہنا ہے کہ نورجہاں کی مکمل صحت یابی کے بعددونوں ہتھنیوں کوسفاری پارک منتقل کیاجائےگا،چڑیاگھرمیں موجودتمام جانوروں کی دیکھ بھال کابندوبست ہوناچاہیے۔