اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیان کے بعد کہا ہے کہ اس بیان کا مقصد صرف عوام اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کرنا ہے تا کہ عوام اور فوج متحارب ہوں اورپی ڈی ایم اس آڑ میں لوٹ مار جاری رکھ سکے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
تحریک انصاف موجودہ آرمی چیف کیلئے نیک خواہشات رکھتی ہے ہم چاہتے ہیں، چیف الیکشن کروانے میں الیکشن کمیشن کی مدد کریں اور پاکستان کا ماحول بہتر ہو۔انہوں نے کہا کہ جب آرمی چیف کمزور ہوجاتے ہیں تو فوج کمزور ہوتی ہے اور اس کے نتیجے میں ملک کمزور ہوجاتا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی اور قوم کو امید ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف الیکشن کمیشن کی درخواست قبول کریں گے اور پرامن انتخابات کے انعقاد میں مدد کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے آرمی چیف کے خلاف کوئی مہم نہیں چلائی اور ایسی نیت بھی نہیں ہے، ہم ان کا احترام کرتے ہیں اور پارٹی کو امید ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف سیاسی محاذ میں صورت حال معمول پر لانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پولیس اور آئی جی اسلام آباد و پنجاب کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ عذابِ الٰہی کو دعوت دے رہے ہیں۔فواد چودھری نے پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری ایک ویڈیو بیان کہا کہ اسلام آباد اور لاہور میں سینکڑوں کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ہیں۔سینکڑوں کارکن پولیس کی تحویل میں ہیں، آپ نے دس 10سال کے بچے اپنی تحویل میں لئے ہیں، پولیس کی جانب سے عورتوں پر تشدد کیا گیا اورچادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگوں کا جرم یہ ہے کہ وہ سیاست کے لئے، اپنے انسانی حقوق کے لئے اور پاکستان کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، کیا یہ جرم ہے کہ ان کو راتوں کو اٹھا کر جیلوں میں ڈالا جائے، خاندانوں، بیگمات، ماؤں اور بچوں کی تذلیل کی جارہی ہے۔