لاہور ( این این آئی) لاہور میں پتنگ کی ڈور سے اموات تھم نہ سکیں، شادباغ میں ایک اور معصوم کی جان گئی۔لاہور کے علاقے شادباغ میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے 5سالہ علی حیدر جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق بچہ اپنے والد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آگے بیٹھ کر جارہا تھا۔
نامعلوم سمت سے کٹی پتنگ کی ڈور اس کے گلے پر پھر گئی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔پتنگ کی ڈور سے زخمی بچے کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔واقعے کا مقدمہ بچے کے والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے تھانہ شاد باغ میں درج کر لیا گیا۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی سے رپورٹ طلب کر لی ۔ سی سی پی او نے واقعہ میں معصوم بچے کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غفلت اور کوتاہی کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے واقعہ میں ملوث پتنگ باز ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے، سخت کاروائی عمل میں لائی جائے،انسدادی ٹیمیں پتنگ بازوں، پتنگیں فروخت اور بیچنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 01 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کئے گئے، ملزمان کے قبضے سے 20ہزار سے زائد پتنگیں،900سے زائد چرخیاں ڈور،بھاری مقدار میں پتنگ سازی کا سامان برآمد کیا گیا۔