لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن) شاہین آفریدی نے بابر اعظم اور محمد رضوان کے ہمراہ ٹوئٹر پر ایک تصویر جاری کی ہے جب کہ کیپشن میں کچھ لکھنے کے بجائے پاکستان کے جھنڈے والا ایموجی استعمال کیا۔شاہین کی ٹوئٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ کپتان
کوئی بھی ہو، سب کرکٹرز پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں اور ان میں اتحاد قائم رہے گا ۔ خیال رہے کہ افغانستان کیخلاف آئندہ ٹی 20سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے شاہین آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں سیریز کیلئے کپتانی کی پیشکش کی ہے۔میڈیارپورٹ کے افغانستان کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاہین آفریدی کپتانی کیلیے تیار ہیں اور سیریز میں بابراعظم کے آرام کی صورت میں شاہین آفریدی کپتان ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وقت مانگنے کے بعد شاہین آفریدی نے نجم سیٹھی کو مثبت اشارہ دیا، پی سی بی نے ابھی تک بابراعظم کو آرام کرانیکا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق صائم ایوب، اعظم خان، احسان اللہ، عماد وسیم کے اسکواڈ میں شامل ہونیکا امکان ہے اور شاہین آفریدی سے کپتانی سے متعلق رابطہ صرف افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے کیا گیا ہے۔