جسٹس منصور کے نوٹ کا دوسرا پیراگراف اہمیت کا حامل ہے، اٹارنی جنرل
اسلام آباد (این این آئی)اٹارنی جنرل شہزاد عطا الہٰی نے کہا ہے کہ جسٹس منصور کے نوٹ کا دوسرا پیراگراف اہمیت کا حامل ہے، اختلافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ دو ججز کے نوٹ سے اتفاق کرتے ہیں۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اٹارنی جنرل شہزاد عطا الہٰی نے کہا کہ بڑی تیز رفتاری سے عدالتی کارروائی ہوئی، پرسوں صبح سے شام 6 تک سماعت چلی اور کل بھی 9 سے 6 عدالت چلی۔انہوں نے کہا کہ پہلے چیف جسٹس نے 9 ممبر بینچ بنایا، دو فاضل ججز جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہر من اللّٰہ نے اختلاف کیا، اختلافی نوٹ کے فٹ نوٹس میں کہا ہے کہ جسٹس یحییٰ اور جسٹس اطہرمن اللّٰہ کا نوٹ بھی کیس کے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس طرح 4 ججز نے اختلافی نوٹ لکھا ہے، یہ 7 میں سے 3 ججز کا فیصلہ ہے، کیس 9 ممبر بینچ سے شروع ہوا تھا، 23 فروری کو دو ممبران نے کیس کو مسترد کر دیا تھا۔