لاہور( این این آئی)پاکستان کی چین کو چاول کی برآمدات 10 لاکھ ٹن سے زیادہ کے حجم کے ساتھ 455 ملین ڈالر سے تجاوز کرگئی۔گزشتہ سال کی نسبت زرعی مصنوعات کی دو طرفہ تجارت میں53فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور چین نے پاکستان سے مختلف اقسام کے 1.19 ملین ٹن سے زیادہ چاول درآمد کیے۔یہ بات چین میں تعینات
کمرشل قونصلرغلام قادر نے بتائی ۔انہوں نے کہا دونوں حکومتوں کی طرف سے سہولت اور تاجروں کی محنت کی وجہ سے چین کو پاکستانی چاول کی برآمدات پہلی بار ایک ملین ٹن سے تجاوز کر گئیں۔ چین میں کورونا وبا کی وجہ سے عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد برآمدات میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چائنہ جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمزکے اعدادوشمار کے مطابق 2022 میں پاکستان سے چین کی سیمی یا ہولی ملڈ چاول کی برآمدات 211.88 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ دو قسم کے ٹوٹا چاول کی برآمدات بالترتیب 162.78 ملین اور 80.74 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔انہوںنے کہا کہ چینی حکومت آف لائن اور آن لائن پویلین قائم کر کے پاکستان کی مدد کر رہی ہے ،پاکستانی چاول نے چین میں ای کامرس پلیٹ فارم پر مقبول ہے اور اس کی فروخت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ ہم جی اے سی سی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ پاکستانی چاول کے مزید کاروباری اداروں کی رجسٹریشن ہو سکے اور ہماری برآمدات میں مزید اضافہ ہو۔انہوںنے بتایا کہ پاکستانی چاول اپنے بہترین ذائقے اور معیار کی وجہ سے چینی مارکیٹ میں مقبول ہو رہا ہے جبکہ جی اے سی سی میں رجسٹرڈ پاکستانی اداروں کی کل تعداد میں بھی گزشتہ سال اضافہ ہوا اور اب یہ تعداد 62 ہے۔